نئی دہلی ،09؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 11 اپریل کو ہونے والے پولنگ کے لیے انتخابی مہم آج شام کو ختم ہوگئی ۔پہلے مرحلے میں 20 ریاستوں کی 91 لوک سبھا سیٹوں کے لئے پولنگ ہوگی۔الیکشن کمیشن کی طرف سے پہلے مرحلے کی پولنگ کے لیے 18 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد انتخابی مہم زور شور سے شروع ہو گئی تھی۔ کمیشن نے 17 ویں لوک سبھا کی تشکیل کے لیے سات مرحلے میں ہونے والے انتخابات کا پروگرام دس مارچ کو اعلان کیا تھا۔الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے کے لیے آٹھ اپریل تک انتخابی میدان میں کل امیدواروں کی تعداد 1279 ہے۔اس مرحلے کے لیے پرچہ نامزدگی کی آخری تاریخ 25 مارچ اور نام واپس لینے کی آخری تاریخ 28 مارچ تھی۔کمیشن کی طرف سے نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے مرحلے کی پولنگ والی 91 سیٹوں پر صبح سات بجے پولنگ شروع ہوگی ۔ان میں سے کچھ سیٹوں پر شام چار بجے تک اور کچھ پر پانچ بجے تک اور کچھ سیٹوں پر چھ بجے تک پولنگ ہوگی۔الیکشن قوانین کے مطابق پولنگ ختم ہونے کے وقت سے 48 گھنٹے پہلے انتخابی مہم ختم ہوجاتی ہے۔ اس کے مطابق جن سیٹوں پر شام چار بجے تک پولنگ ہے، ان سیٹوں پر منگل کی شام چار بجے سے تشہیر ختم ہوگئی ہے۔ اسی طرح پانچ اور چھ بجے تک پولنگ والی سیٹوں پر آج شام پانچ بجے اور چھ بجے سے پروموشنل پر پابندی ہو گی۔پہلے مرحلے میں اتر پردیش کی آٹھ لوک سبھا سیٹوں (سہارنپور، کیرانہ، مظفرنگر، بجنور، میرٹھ، باغپت، غازی آباد اور نوئیڈا) اور بہار کی چار سیٹوں (اورنگ آباد، گیا، نوادہ اور جموئی) کے علاوہ آندھرا پردیش کی تمام 25 اور تلنگانہ کی تمام 17 سیٹوں پر پولنگ ہوگی۔اتر پردیش کی آٹھ سیٹوں پر صبح سات بجے سے شاہ چھ بجے تک اور بہار کی چار سیٹوں پر صبح سات بجے سے شام چار بجے تک پولنگ کی تاریخ کو دیکھتے ہوئے اتر پردیش کی آٹھ سیٹوں پر منگل کی شام چھ بجے اور بہار کی چار سیٹوں پر شام چار بجے انتخابی مہم رک جائے گی۔